مقبوضہ جموں و کشمیر

کولگام آپریشن محض ایک ڈھونگ تھا، نوجوان عمر کوجعلی مقابلے میں شہید کیا گیا: مقامی افراد

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع کولگام میں بڑے فوجی آپریشن کے حوالے سے بھارتی فوجی حکام اور گودی میڈیا کے دعوے اس وقت شکوک و شبہات کی زد میں آ گئے جب ایک مبینہ اعلیٰ عسکری کمانڈر کی ہلاکت کا دعویٰ غلط ثابت ہوا، جبکہ ایک مقامی نوجوان کو دورانِ حراست ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کولگام کے 20 سے زائد دیہات میں بھارتی فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیے جانے کو ایک ہفتہ گزر چکا ہے، تاہم مبینہ عسکری کمانڈر لطیف بٹ جنہیں کولگام میں فائرنگ کے واقعے کے فوراً بعد بھارتی میڈیا نے ذمہ دار قرار دیا تھا، تاحال لاپتہ ہیں۔ بلندوبانگ دعووں کے باوجود بھارتی فورسز ان کی موجودگی یا ہلاکت کا کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
پاکستان مخالف بیانیے کی ہوا نکل گئی
بھارتی میڈیا نے بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے لطیف بٹ اور نام نہاد غیر ملکی عسکریت پسندوں کو کولگام میں فائرنگ کے واقعے سے جوڑ دیا تھا اور اس واقعے کا تعلق پاکستان سے جوڑنے کی ناکام کوشش کی تھی۔16 نومبر کو بھارتی فوج، پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے کولگام میں لارو بائی پاس کے قریب علاقے کا محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کیا۔ دن بھر بھارتی گودی میڈیا لطیف بٹ اور مبینہ غیر ملکی عسکریت پسندوں کی ہلاکت کو بریکنگ نیوز کے طور پر پیش کرتا رہا۔
تاہم زمینی حقائق کے مطابق لطیف بٹ اور غیر ملکی عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ غلط ثابت ہوا۔ اس کے بجائے بھارتی فورسز نے کولگام کے گاوں آریہ کے رہائشی دو بچوں کے والد عمر نثار کو گرفتار کرنے کے بعد شہید کر دیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ عمر پہلے ہی بھارتی فورسز کی تحویل میں تھا اور انہیں آپریشن کی آڑ میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا۔مقامی افراد کے مطابق حقیقت یہ ہے کہ کولگام میں سرے سے کوئی مقابلہ ہوا ہی نہیں۔
دورانِ حراست قتل
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ عمر کو اٹھا کر دورانِ حراست قتل کیا گیا اور بعد ازاں انہیں ایک مقابلے میں ہلاک ظاہر کر دیا گیا۔ اہل خانہ کے مطابق ان کے ماضی کا واحد مبینہ ”جرم“ بھارتی فوج کے خلاف غم و غصے کے اظہار کے طور پر پتھراو کرنا تھا۔
کولگام کے لوگوں نے مقابلوں کے نام پر دورانِ حراست قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس واقعے کا ذمہ دار ڈی ایس پی ایس او جی رجت چب کو ٹھہرایا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگرچہ چب کا حال ہی میں کولگام سے سرینگر تبادلہ کیا گیا تھا، تاہم انہیں دوبارہ کولگام آپریشن کی ذمہ داری سونپی گئی اور وہ اس بے گناہ نوجوان کے قتل میں براہِ راست ملوث ہے۔مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ یہی افسر ضلع میں 600 سے زائد گرفتاریوں اور جعلی مقابلوں کے ایک سلسلے کا ذمہ دار ہے، جن کا مقصد علاقے میں سکیورٹی خطرے کا بیانیہ تشکیل دینا اور مقامی آبادی کے خلاف کریک ڈاون کو جواز فراہم کرنا ہے۔
آپریشن پر محبوبہ مفتی کا ردعمل
دریں اثناءپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ کولگام کے علاقے آکھرن نوپورہ کوعملاً ایک چھاونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ علاقے سے سامنے آنے والی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔انہوں نے کہاکہ سکیورٹی کی کوتاہیوں کی سزا پوری آبادی کو دینا انتہائی ناانصافی اور ناقابل قبول ہے۔ اجتماعی سزا سے صرف احساس محرومی اور ناراضی جنم لیتی ہے۔ بے گناہ لوگوں کو اس کا خمیازہ نہیں بھگتنا چاہیے۔
ایس پی اوز کے قتل پر کانگریس اپنے موقف پر قائم
ادھر مقبوضہ جموں و کشمیر میں کانگریس نے پیر کے روز کشتواڑ میں دو اسپیشل پولیس افسران (ایس پی اوز) کے قتل پر بی جے پی پر ”سستی اور گھٹیا سیاست“ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔کانگریس رہنما سہیل بخاری نے پارٹی صدر طارق قرہ کے اس مطالبے کا دفاع کیا کہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں ایس پی اوز کے قتل کی جامع تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس یا انتظامیہ کی جانب سے واقعات کی تفصیلات سامنے نہ آنے کی صورت میں متاثرہ خاندان حقیقت جاننے کے حق دار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ احتساب کا دائرہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا تک بڑھایا جائے اور بی جے پی کو بھی جواب دہ ٹھہرایا جائے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پورا علاقہ محاصرے میں ہے اور کئی روز سے گھر گھر تلاشی، ہراساں کرنے اور بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔سول سوسائٹی کا کہنا ہے کہ بھارت نام نہاد جھڑپوں اور کشمیریوں کے قتل عام کے ذریعے سکیورٹی خطرے کا من گھڑت بیانیہ تشکیل دے رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 11 نومبر کو بھارتی فورسز نے کشتواڑ کے جنگلات میں فائرنگ کرکے دو پولیس اہلکاروں کو قتل کیا اور اس کا الزام عسکریت پسندوں پر عائد کر دیا۔
بھارت نے جدوجہدِ آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش کے تحت مقبوضہ جموں و کشمیر میں سکیورٹی کے نام پر تقریباً 10 لاکھ فوجی تعینات کر رکھے ہیں، جبکہ ماورائے عدالت قتل ظلم وجبر کا ایک ہتھکنڈا بن چکاہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کا اقوام متحدہ سے تحقیقات کا مطالبہ
کل جماعتی حریت کانفرنس نے جعلی مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کے قتل کی بارہا مذمت کی ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ سے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس اور حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ کے کنوینر غلام محمد صفی اوردیگر حریت رہنماﺅں نے مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی مسلسل کارروائیوں، غیر قانونی گرفتاریوں اور جعلی مقابلوں میںکشمیری نوجوانوں کے قتل کی مذمت کی ہے۔
انہوںنے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی تحقیقات کریں، سیاسی قیدیوں کے حالات کا جائزہ لیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل میں سہولت فراہم کریں۔انہوں نے کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس ان واقعات کو ریاستی جبر اور ماورائے عدالت قتل کی منظم کارروائیوں کا حصہ سمجھتی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ یہ موقف اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) کے ماضی کے ان مطالبات سے بھی مطابقت رکھتا ہے جن میں ایک آزاد تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں ایک تشویشناک رجحان کی عکاس
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے کولگام اور کشتواڑ اضلاع میں جعلی مقابلوں کے دوران کشمیری نوجوانوں کا قتل، محاصرے اور تلاشی کی مسلسل کارروائیاں، گھر گھر تلاشی، من مانی گرفتاریاں، ہراساں کرنا اور نوجوانوں کو خوف زدہ کرنا کریک ڈاون کی ایک انتہائی تشویشناک صورت حال کی عکاسی کرتا ہے جس نے مقامی آبادی میں خوف اور بے یقینی کی فضا پیدا کر دی ہے۔کشمیری عوام ان کارروائیوں کو نئی دہلی میں بی جے پی حکومت خصوصاً وزیر داخلہ امیت شاہ کے سیاسی دباو اور آر ایس ایس اور اس سے وابستہ نظریاتی گروہوں کے اثر و رسوخ سے چلنے والی وسیع تر پالیسی کا حصہ قرار دیتے ہیں۔کشمیریوں میں یہ خدشات بڑھ رہے ہیں کہ ان کارروائیوں کا مقصد محض سکیورٹی برقرار رکھنا نہیں بلکہ کشمیریوں کے سیاسی اظہار کو دبانا، حق خودارادیت کے مطالبے کو خاموش کرانا اور عوام کو اپنے جذبات کا اظہار کرنے سے روکنا ہے۔
مسلسل فوجی موجودگی، بار بار تلاشی کی کارروائیوں، گرفتاریوں اور کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنانے کے واقعات نے خطے میں امن اور معمولاتِ زندگی کی بحالی سے متعلق بھارتی حکومت کے دعوو¿ں پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں ۔یہ خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ بھارتی فورسز کے اداروں کو جن میں فوج،پیراملٹری فورسز اور پولیس شامل ہیں، آر ایس ایس سے وابستہ سیاسی اور نظریاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ عالمی برادری کے سامنے امن، ترقی اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کا تاثر پیش کیا جا رہا ہے۔
خوف ودہشت کی فضا پیداکرنے ، من مانی گرفتاریوں یا سیاسی آوازوں کودبانے سے امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔ حقیقی امن کے لیے انصاف، جواب دہی، بنیادی انسانی حقوق کا احترام، شہریوں کی جانوں کا تحفظ اور کشمیری عوام کی سیاسی امنگوں کو تسلیم کرنا ناگزیرہے۔
عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورت حال پر گہری نظر رکھنی چاہیے، مبینہ ہلاکتوں اور جعلی مقابلوں کی آزادانہ تحقیقات کرانی چاہیے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کو جواب دہ ٹھہرانا چاہیے۔ معمولاتِ زندگی کی بحالی کے سرکاری دعووں کی آڑ میں کشمیری عوام کی آواز، عزت و وقار اور بنیادی حقوق کو نظر انداز یا دبایا نہیں جانا چاہیے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button