کولگام اور کشتواڑ میں بھارتی فورسز کی تلاشی کارروائیاں ساتویں روز بھی جاری
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کولگام اور کشتواڑ اضلاع میں منگل کومسلسل ساتویں روز بھی بھارتی فورسز کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رہیں تاکہ کشمیریوں کے جائز سیاسی مطالبات کو دبایاجاسکے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج، پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) مشترکہ طورپریہ کارروائیاںکر رہے ہیں۔ قابض فورسز نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے 15 سے 20 دیہات میں تلاشی کارروائیوں میں شدت پیدا کر دی ہے۔ بھارتی فورسز نے پیر کے روز کولگام میں ایک نوجوان کو جعلی مقابلے میں شہید کر دیا تھا۔قابض حکام کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکار دن اور رات دونوں اوقات میں وسیع پیمانے پر تلاشی لے رہے ہیں ۔
گزشتہ بدھ سے ضلع کشتواڑ کے مختلف علاقوں میں بھی آپریشن جاری ہے۔بھارتی فوجی اہلکاروں نے ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن کے قریب ساوجیاں کے کناری سیکٹر میں مشتبہ نقل و حرکت دیکھنے کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا۔بعد ازاں فوجی اہلکاروں نے مشتبہ مقام کی جانب چھوٹے ہتھیاروں سے تقریباً دو درجن فائر کیے اور نقل و حرکت کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کر دی۔
دوسری جانب لیفٹیننٹ گورنر کی انتظامیہ کے تحت بھارتی پولیس نے ضلع کپواڑہ میں ہندواڑہ کے علاقے ماگام میں عبدالاحمد میر کی 5 کنال اور 5 مرلہ زرعی اراضی ضبط کر لی ہے۔
دریں اثناءسرینگر میں کاو¿نٹر انٹیلی جنس کشمیر (سی آئی کے) نے چھ کشمیریوں کے خلاف ایک جھوٹے مقدمے میں چارج شیٹ دائر کردی ہے۔ ان میں عرفان گل، شازیہ نذیر، ریاض احمد گوجری، محمد اقبال نائمہ، حریت رہنما شمیمہ شال اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے صحافی مختار احمد بابا شامل ہیں۔ ان افراد کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون (یو اے پی اے) اور بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کے تحت چارج شیٹ دائر کی گئی ہے۔
بھارتی پولیس نے سرینگر کے تین رہائشیوں عرفان گل، شازیہ نذیر اور ریاض احمد گوجری کو چند ماہ قبل گرفتار کیا تھا ،بظاہر وہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے تھے۔








