گرفتار

مقبوضہ کشمیر :بھارتی فوج کی تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں تیز

جعلی مقابلے میں دو کشمیری نوجوان شہید، 700سے زائد گرفتار

سرینگر: غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز نے ضلع کولگام میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں اورحالیہ دنوں میں علاقے میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید اور 700سے زائد کو گرفتار کیا گیا ہے۔


حالیہ دنوں میں کولگام کے علاقے لارو میں نوجوان عمر نثار ڈار اور محمد لطیف بٹ کی جعلی مقابلے میں شہادت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ بھارتی فورسز نے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کاررئیوں اور چھاپوں کا سلسلہ تیز کر رکھا ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر مسلسل بھارتی فوجی تسلط اور سخت پابندیوں کی زد میں ہے۔ گزشتہ تقریبا آٹھ دہائیوں سے کشمیری عوام ظلم و تشدد، گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔مقبوضہ علاقے میں ماورائے عدالت اورجعلی مقابلوں میں قتل کے واقعات وقفے وقفے سے سامنے آتے رہتے ہیں۔ ان واقعات سے قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔ کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی سطح پر مسلسل تشویش کا باعث ہیں اورمقبوضہ علاقے میں عام شہریوں کی زندگیاں مسلسل خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
تقریبا دس لاکھ قابض بھارتی فوجیوں کی تعیناتی سے مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کا سب سے بڑا عسکری خطہ بن گیا ہے جہاںاتنی بڑی تعداد میں قابض فوجی تعینات ہیں۔ مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کے خلاف جاری انتقامی کارروائیوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔ آئے روز ہونے والی ہلاکتیں خطے میں انسانی بحران کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہیں۔
رپورٹ میں واضح کیاگیاہے کہ کشمیری عوام کے سیاسی حقوق اوراپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے مطالبے کو طاقت کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔ کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیرکے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔بھارت جب تک مقبوضہ کشمیر میں فوجی طاقت، جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھے گا اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دینے سے گریز کرے گا، خطے میں پائیدار امن کا خواب شرمند تعبیر نہیں ہو سکتا۔
رپورٹ میں اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں پرزوردیا گیا ہے کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالیوں اور کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کا فوری نوٹس لیں۔ ان واقعات کی آزادانہ تحقیقات اور ذمہ داراہلکاروں کا احتساب یقینی بنانے کے لیے موثر کردار ادا کریں ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button