پاکستان کی فلسطینیوں اور کشمیریوں پر بدترین ظلم وتشددپر اظہار تشویش
اسلام آباد:
پاکستان نے مقبوضہ فلسطینی علاقے اور بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں لوگوں کو قابض طاقتوں کی طرف سے بدترین ظلم و تشدد اور غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنانے پر سخت تشویش کااظہار کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے تشدد کے متاثرین کی حمایت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستان دنیا بھر میں تشدد کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ تشدد کے خاتمے اور انسانی وقار کو برقرار رکھنے کے اپنے مسلسل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ فلسطینی علاقے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کو دبانے کیلئے قابض طاقتوں کی طرف سے انہیں بدترین ظلم و تشدد اور غیر انسانی و ذلت آمیز سلوک اورانتقامی کاررائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر کہاکہ عالمی برادری قابض طاقتوں کے انسانیت کے خلاف جرائم کی مذمت اور ان کا احتساب کرے اور تشدد اور جبر کے شکار افراد کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ان اقدار اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی رہنمائی میں تشدد کے خاتمے اور تمام افراد کے تحفظات کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے غیر ملکی قبضے کے دوران ظلم و تشدد کے ایک ہتھیار کے طورپر بڑے پیمانے پر استعمال پر سخت تشویش کا اظہار بھی کیا۔







