عالمی صحافتی تنظیم کا کشمیری صحافی فہد شاہ کی رہائی کا مطالبہ
نیویارک 05 فروری (کے ایم ایس)امریکہ میں قائم صحافتی تنظیم ” کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس “نے غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حکام پر پر زور دیا ہے کہ وہ صحافی فہد شاہ کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کریں، ان کے کام کی تحقیقات کو روک دیں اور میڈیا ارکان کو حراست میں لینا بند کریں۔
بھارتی پولیس نے جمعہ کی شام ”دی کشمیر والا“ کے ایڈیٹر فہد شاہ کو سوشل میڈیا پر بھارت مخالف مواد پوسٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ ” کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس “( سی پی جے) کے ایشیا پروگرام کوآرڈی نیٹر سٹیون بٹلر نے واشنگٹن ڈی سی میں کہا کہ فہد شاہ کی گرفتاری جموں و کشمیر کے حکام کی پریس کی آزادی اور صحافیوں کے آزادانہ طریقے سے رپورٹنگ کرنے کے بنیادی حق کو نظر انداز کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکام کو فہد شاہ اور دیگر تمام زیر حراست صحافیوں کو فوری طور پررہاکرنا چاہیے اور صحافیوں کو محض اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی پر حراست میں لینا اور ہراساں کرنا بند کرنا چاہیے ۔
عالمی صحافتی تنظیم نے کہا کہ فہد شاہ نے اپنی حراست سے قبل ایک ٹیلی فونک انٹرویو میں سی پی جے کو بتایا کہ پولیس نے یکم فروری کو ان سے کشمیر والا کی 30 جنوری کو بھارتی فوجیوں کی طرف سے کیے گئے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی کوریج کے بارے میں پوچھ گچھ کی تھی جسے مذکورہ آﺅٹ لٹ کی ویب سائٹ پر شائع کیا گیا تھا۔