بھارتی فضائیہ کے جموں اسٹیشن کے مرکزی گیٹ کے قریب 2 بھارتی شہری گرفتار
جموں 14 فروری (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںبھارتی پولیس نے ضلع جموں میں بھارتی فضائیہ کے تکنیکی ہوائی اڈے کے مرکزی گیٹ کے قریب دو بھارتی شہریوں کوگرفتار کرلیا۔
ذرائع ابلاغ کی خبروں میں بتایاگیا ہے کہ بھارت کی ریاست مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے دو افراد کوجن کی شناخت قوی راج چھیتری اور سبھاش درجی کے نام سے ہوئی ہے، ستواری کے علاقے میں بھارتی فضائیہ کے ٹیکنیکل ہوائی اڈے کے مرکزی گیٹ کے باہر مشکوک انداز میں گھومتے ہوئے دیکھاگیا جس کے بعدانہیں حراست میں لیا گیا۔ جموں کے ایس ایس پی چندن کوہلی نے بتایا کہ ہوائی اڈے کے حکام کے مطابق مشتبہ شخص کو ایک ندی کے ذریعے جو آئی اے ایف کیمپ کی طرف جاتی ہے ہوائی اڈے کے علاقے کی طرف بھاگتے ہوئے پایا گیا۔ایس ایس پی کوہلی نے کہا کہ مشتبہ افراد کو ہوائی اڈے کے سیکورٹی اہلکاروں نے پکڑ لیا اور پوچھ گچھ کے لیے ستواری پولیس کے حوالے کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔