فرقہ پرست قوتوں کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیاجائیگا،میر شاہد سلیم
جموں 21 فروری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیر پنجال اور چناب ویلی یونائیٹڈ فرنٹ کا ایک اجلاس آج جموں میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما میر شاہد سلیم کی صدارت میں منعقد ہوا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اجلاس کے شرکا نے کہا کہ وہ جموں میں مٹھی بھر فرقہ پرست سیاست دانوں کو پیر پنجال اور وادی چناب کی سیاسی تقدیر کا فیصلہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈگر پردیش کی باتیں کر نے والے لوگوں کو پیر پنجال اور وادی چناب کے لوگوں کی طرف سے بات کرنے کا کوئی اخلاقی یا سیاسی حق حاصل نہیں ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما میر شاہد سلیم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5اگست 2019کے بعد جموں کے شہری علاقوں کو مکمل طور پر فرقہ پرست سیاست نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیر پنجال اور وادی چناب کے لوگ جموں و کشمیر میں فرقہ پرست طاقتوں کے مذموم عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیر پنجال اوروادی چناب کو کبھی ان کے حقوق نہیں دیے گئے اور مسلسل ان کا سیاسی اور معاشی استحصال جاری ہے ۔ اجلاس میں شبیر راتھر، ایاز مغل، قاضی غلام محمد، محمد شف جرال، شبیر احمد گنائی، آر کے کلسوترا، سکھ دیو سنگھ، عبدالجبار اور زاہد رحمت اللہ اور دیگر نے خطاب کیا۔