آزاد کشمیر

حق خودارادیت مہم کے سلسلے میں پاسبان حریت کے زیرِ اہتمام وادی جہلم میں عوامی ریلی

oplus_1048576

مظفر آباد: پاسبان حریت جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام آزاد کشمیر بھر میں شروع کی گئی حق خودارادیت مہم کے سلسلے میں وادی جہلم کے صدر مقام ہٹیاں بالا میں ایک بڑی عوامی ریلی اور پیدل مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شرکاء نے بینرز ،پلے کارڈز اور بھارتی جیلوں میں نظربندکشمیری رہنمائوںکی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ بینرز اور پلے کارڈز پر اقوامِ متحدہ سے رائے شماری کے مطالبات درج تھے ۔ ریلی کے شرکاء ”جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے”، ”بھارتی غاصبو جموںو کشمیر چھوڑ دو”اور ”اقوام متحدہ جاگ جائو”جیسے نعرے لگا رہے تھے۔ شرکا ء نے شاہراہ سرینگر پر پیدل مارچ کیا۔ مارچ کی قیاد ت چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی کررہے تھے جبکہ وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم ، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر ، تحریک انصاف کے رہنما سید ذیشان حیدر ، تاجر رہنما سید فیصل گیلانی ، جموں و کشمیر یونائیٹڈ مومنٹ کے رہنما قاری طاہر محمدی ، سید اسرار ہمدانی ، ایڈووکیٹ عبدالجبار ، راجہ پرویز ایڈووکیٹ ، سید جواد ہمدانی ، مہناز قریشی ، چوہدری محمد اسماعیل ، محمد اسماعیل جگوال ، محمد شفیع بھٹی ، چوہدری سیف الدین ، محمد اسلم میر اور دیگر نے ریلی میں شرکت کی۔مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہم سلامتی کونسل سے 5جنوری 1949کی قرارداد اور کشمیرکے بارے میںدیگر قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کر تے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ بھارت مسلسل فوجی طاقت اورکالے قوانین کے استعمال ،شہریوں کی گرفتاریوں ،جعلی مقابلوں اوردیگر مظالم کے ذریعے کشمیریوں کو مرعوب کرنے اورمسئلہ کشمیر کو الجھانے کی سازشیں کر رہا ہے جبکہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کیلئے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے مطالبے کی مکمل حمایت کرکے اسے سلجھانے کی کوشش کر رہا ہے ۔مقررین نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا کشمیری عوام سے استصواب رائے کا وعدہ پورا کرے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ 5اگست 2019کو بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو کالعدم قرار دے ۔مقررین نے کہا کہ دنیا کو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی خاطر مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہیے ۔ انہوںنے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جیلوں میں نظربند کشمیریوںکی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button