پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کا محبتوں کا رشتہ ہے اور پاکستان ہماری منزل ہے: وزیر اعظم آزادکشمیر
اسلام آباد:آزاد جموں و کشمیرکے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کا محبتوں کا رشتہ ہے اور پاکستان ہماری منزل ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چوہدری انوارالحق نے ایک نجی نیوز چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کا آزادکشمیر کے حوالے سے بیانیہ تخریب کاری پر مبنی ہے ۔انہوں نے کہاکہ رائے شماری سے بھارت کے پروپیگنڈے کی حقیقت کھل کر سامنے آسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم الحاق پاکستان کے نظریے پر قائم ہیں اور کشمیرکی وحدت کو قائم رکھتے ہوئے حق خودارادیت لینے سے الحاق پاکستان کی منزل حاصل کرنی ہے ۔ قوموں کی زندگی میں حریت کی داستان سالوں نہیں صدیوں کی بنیاد پر لکھی جاتی ہے ۔ اگر مقبوضہ جموں و کشمیر سے بھارت قابض فوجیں نکالے تو دنیا کو علاقے کی اصل صورتحال کا ادراک ہو جائے گا کہ کشمیری کیا چاہتے ہیں ۔ چوہدری انوار الحق نے کہا کہ بھارتی تخریب کاری کا ادراک ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں جمہوریت کبھی ڈی ریل نہیں ہوئی ۔ نوجوان حقیقت پسندی کے قائل ہیں ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں احتجاج کے دوران بھارت نے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کو فروغ دینے کے لیے اربوں روپے کی فنڈنگ کی ہے ۔ ہم نے کشمیر اور پاکستان کے رشتے کو کمزور کرنے کی بھارتی سازش کو ناکام بنادیا ۔ بھارت کی بدنیتی کا ادراک ہے اورہم اس کے لیے پوری طرح تیار ہیں ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کی طرز کا احتجاج اگر مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہوتا تو مقبوضہ وادی میں خون کی ندیاں بہتیں ۔ ہم نے مذاکرات سے مسائل کو حل کیا ہے ۔پرامن احتجاج کے حامی ہیں لیکن کسی کو انارکی کی اجازت نہیں دیں گے ۔