مقبوضہ جموں وکشمیر: معراج العالم کی اختتامی تقریبات پر روح پرور مجالس
سرینگر05مارچ(کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں معراج العالم کی اختتامی تقریبات نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئیں اور مساجد زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں خصوصی مجالس کا اہتمام کیا گیا۔
علمائے کرام اور آئمہ مساجد نے پیغمبر اسلام ﷺ کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی جبکہ نعت خوانوں نے نعتیہ کلام پڑھے۔ مقبوضہ وادی کشمیر میں منعقد ہونے والی اختتامی تقریبات میں ہزاروں زائرین نے شرکت کی ۔ سب سے بڑی تقریب شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کنارے پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے شاشقان رسول ﷺ نے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔ حضرت بل میں نماز جمعہ کے بعد آنحضور ﷺ کے موئے مقدس کے دیدار بھی کرائے گئے ۔ حضرت بل کے علاوہ آثار شریف شہری کلاش پورہ، پنجورہ، صورہ ، زیارت علمدار کشمیر چرار شریف اور دیگر عبادتگاہوںمیں بھی روح پرور اجتماعات ہوئے ۔ جموں اور لداخ خطوں میں بھی خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا جن میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔