بھارت کا میاں چنوں میں میزائل گرنے کے واقعے پر اپنی غلطی کا اعتراف
بھارت سے تحریری جواب طلب کیا جائیگا، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد 11مارچ (کے ایم ایس)
بھارت نے اپنے ایک سپر سانک میزائل کے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے اور ضلع خانیوال کے علاقے میاں چنوں میں گرنے کے واقعے پرافسوس ظاہر کرتے ہوئے اسے ایک تکنیکی غلطی قراردیا ہے۔
بھارت کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی حکومت اس واقعے کو سنجیدگی سے دیکھتی ہے اورپاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے میزائل پرعدالتی تحقیقات کاحکم دیا ہے۔بیان میں کہاگیا ہے کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ بھارتی وزارت دفاع نے مزید کہاکہ 9مارچ 2022 کو معمول کی مینٹینس کے دوران ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے میزائل حادثاتی طور پر فائر ہوا۔ تاہم یہ بات باعث اطمینان ہے کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔
ادھر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک ٹی وی چینل سے گفتگومیں بھارتی وزارت دفاع کی طرف سے غلطی کے اعتراف پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اس واقعے سے دونوں ممالک کے درمیان ایک حادثاتی جنگ چھڑ سکتی تھی۔ انہوں نے کہاکہ اس واقعے کی تحقیقات ہونی چاہئیں، اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانا چاہیے، عالمی برادری دیکھے کہ بھارتی ناکارہ سسٹم خطے کے لیے کتنا خطرناک ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی حدود میں میزائل فائرکرنے پر بھارت سے تحریری جواب طلب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کو اس غفلت پر جواب دینا ہو گا بصورت دیگر پاکستان آئندہ دنوںمیں اپنی مستقبل کی حکمت عملی طے کرے گا۔ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل اراکین پر زوردیا کہ وہ بھارت کی سنگین غلطی پر خاموش نہ رہیں کیونکہ بھارت کی غلطی سے کئی انسانی جانیں ضائع ہو سکتی تھیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت عالمی امن کیلئے خطرہ بنتا جارہا ہے۔