حریت رہنماﺅں کیطرف سے ہڑتال کی کال کی حمایت
سرینگر17 مارچ (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنماو ں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بیگناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل، گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیوں میں تیزی کے خلاف کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے دی گئی ہڑتال کی کال کی حمایت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما حکیم عبدالرشید نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عوام پر زور دیا کہ وہ کل مکمل ہڑتال کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں دہشت گردی کا راج قائم کر رکھا ہے۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کا موثر نوٹس لیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما انجینئر ہلال احمد وار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ہڑتال کی کال کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انکے مقدس مشن کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔انہوں نے بین الاقوامی برادری سے بالعموم اور اقوام متحدہ سے بالخصوص اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو روکنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے ۔کل جماعتی کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ ریاستی سرپرستی میں تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات اور علاقے میں جاری خونریزی کے خلاف کل مکمل ہڑتال کریں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے ذریعے دہشت کا راج قائم کر رکھا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کی رہنما شمیم شال نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیری عوام بھارتی ریاستی دہشت گردی اور بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے مسلسل قتل کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے کل ہڑتال کریں گے۔ انہوں نے سری نگر، پلوامہ، گاندربل اور کپواڑہ اضلاع کے شہداءکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداءنے تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں ہونے والی نسل کشی کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق حل کریں۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر کے رہنما شیخ عبدالمتین نے ایک بیان میں بیگناہ کشمیریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے جبر کا سختی سے نوٹس لے۔انہوں نے جموں و کشمیر کی جیلوں سے کشمیری نظر بندوں کو بھارت منتقل کرنے کی بھی مذمت کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما الطاف احمد بٹ نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کل مقبوضہ علاقے میں ہڑتال کی کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بیگناہ نوجوانوں کے قتل اور دیگر اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے تحریک آزادی کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا ۔انہوں نے سری نگر، پلوامہ، گاندربل اور کپواڑہ میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔