کشمیری بھارت سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، رپورٹ
اسلام آباد09 ستمبر (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے لوگ اپنے مادر وطن کی بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی کیلئے گزشتہ کئی دہائیوں سے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوجیوں نے آزادی کے مطالبے کی پاداش میں جنوری 1989سے اب تک 95ہزار 8سو60کشمیریوں کو شہید کیا ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت کشمیریوں کو اپنے تابع کرنے اور حق خود ارادیت کے حصول کے حوالے سے انکے جذبہ کو توڑنے میں ناکام ہو چکا ہے کیونکہ وہ اپنی تحریک آزادی کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموںوکشمیرکے لوگ مودی کی ہندو توا حکومت کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں جو کشمیریوں اور ان کی شناخت کو مٹانے کے لیے مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارت مقبوضہ جموںوکشمیر میں تمام بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بھارت اپنی جارحانہ کارروائیوں اور مقبوضہ علاقے میں ریاستی دہشت گردی کے ذریعے علاقائی استحکام کے لیے سنگین خطرہ بنا ہوا ہے۔ کے ایم ایس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور وہ یہ حق ملنے تک انکی حمایت جاری رکھے گا۔