سرینگر:محمد یاسین ملک کی والدہ ، بہن کورونا میں مبتلا
سرینگر 10ستمبر ( کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین محمد یاسین ملک کی والدہ اور بہن کورونا میں مبتلا ہو چکی ہیں ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ محمد یاسین ملک کی والدہ اور بہن کو تشویشناک حالت میں سرینگر کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
انسانی حقوق کے کشمیری کارکن محمد احسن اونتو جنہوں نے ہسپتال میں ماں بیٹی کی عیادت کی ہے نے یاسین ملک کے اہلخانہ کے حالات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ یاسین ملک اور دیگر تمام زیر حراست افراد کو رہا کرے۔
دریں اثنا ، محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ انکے شوہر کو فوری رہا کرے تاکہ وہ اپنی علیل والدہ اور بہن کی دیکھ بھال کر سکے۔ محمد یاسین ملک اس وقت نئی دلی کی بدنا م زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر نظر بند ہیں۔