مقبوضہ جموں و کشمیر

کشمیری مودی کے دورے کے خلاف کل مکمل ہڑتال کریں گے

سرینگر23 اپریل (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کے موقع پرناجائز بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج کے طور پر کل مکمل ہڑتال کی جائے گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے بھارتی وزیر اعظم کو یہ واضح پیغام دینے کے لیے دی گئی ہے کہ کشمیری اپنے وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں اور وہ اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک وہ اپنا ناقابل تنسیخ حق ، حق خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کے خلاف کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر آزاد جموں و کشمیر اور دنیا بھر کے اہم دارلحکومتوں میں تارکین وطن کشمیری مقبوضہ جموںکشمیرمیں گھناﺅنے بھارتی جرائم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کریں گے ۔
قابض بھارتی انتظامیہ نے نریندر مودی کے دورے سے قبل نام نہاد حفاظتی اقدامات کے نام پر مقبوضہ علاقے بالخصوص جموں میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکارتعینات کر دیے ہیں۔فورسز اہلکارتمام بڑے شہریوں اور قصبوں کے علاوہ سرینگر جموںشاہراہ پر گاڑیوں اور مسافروں کی مسلسل تلاشی لے رہے ہیں۔ لوگوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ اونچی عمارتوں پرماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں۔ ڈرون کیمرے اورسراغ رساں کتے بھی استعمال کیے جا رہے ہیں ۔بھارتی پولیس نے سری نگر کے مختلف علاقوں سے متعدد موٹر سائیکلیں قبضے میں لے لی ہیں۔
دریں اثنا کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموںوکشمیر کو ایک قتل گاہ میں تبدیل کر دیا ہے جہاں بھارتی فوجی روز معصوم نوجوانوں کو قتل کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قابض بھارتی فوجیوں نے صرف پچھلے تین دنوں کے دوران سات نوجوانوں کو شہید کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی اپنے دورے کے ذریعے دنیا کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ مقبوضہ علاقے میں حالات بالکل ٹھیک ہیں۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنما محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم کا مقبوضہ جموں وکشمیر کا دورہ کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اپنے دورے کے ذریعے عالمی برادری کی توجہ انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے ہٹانا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنماوں قاضی عمران اور خالد شبیر نے اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کے قاتل نریندر مودی جب بھی مقبوضہ علاقے کا دورہ کرتے ہیں بھارتی فوجی علاقے میں قتل و غارت کا سلسلہ تیز کر دیتے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو اپنی قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں کردار ادا کرے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button