پاکستان نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کے حوالے سے جامع دستاویز جاری کر دی
اسلام آباد 12ستمبر (کے ایم ایس )پاکستان نے ایک جامع دستاویز (Dossier)جاری کی ہے جس میں قابض بھارتی فوج کی طرف سے بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سنگین جنگی جرائم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، جعلی مقابلوں اور خواتین کی بے حرمتی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کو بے نقاب کیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے 131 صفحات پر مشتمل دستاویز میں بھارتی مظالم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے ہندوتوا نظریئے کے زیر اثر مقبوضہ وادی کے عوام کے خلاف سنگین مظالم کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔انسانی حقوق کی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ دستاویز کے پہلے باب میں جنگی جرائم اور بھارتی فوج کی نسل کشی کی کارروائیوں اور دوسرے باب میں بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آزادی کی جدوجہد کو دبانے کے لئے فرضی کارروائیوں کو بے نقاب کیا گیا ہے جبکہ آخری باب میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کس طرح کھلے عام انسانی حقوق سے متعلق قوانین پامال کر رہا ہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں مواصلات کی بندش بدستور برقرارہے جس کا مقصد بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اور مبصرین کو قابض فوج کے گھناﺅنے جرائم کی رپورٹنگ سے روکنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ دستاویز میں جوثبوت پیش کئے گئے ہیں وہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی رپورٹس پرمشتمل ہیں۔
بھارتی فوجی افسران کی پندرہ آڈیو ریکارڈنگ بھی DOSSIER میں شامل ہیں جن سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی حکومت کی سرپرستی میں مظالم کرانے کا انکشاف ہوتا ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دستاویز میں تین ہزار چار سو بتیس جنگی جرائم کا اندراج کیاگیا ہے۔تقریباً ایک ہزار ایک سو اٹھائیس افراد جن میں ایک میجر جنرل ،پانچ بریگیڈئر ایک سو اکتیس کرنل ، ایک سواٹھاسی میجر اور کیپٹن ، چار انسپکٹرز جنرل اور سات ڈپٹی انسپکٹر جنرل شامل ہیں براہ راست کشمیریوں کے خلاف جنگی جرائم میں ملوث ہیں۔دستاویز میں بتایاگیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ایک سو اٹھارہ فوجی یونٹ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔وزیرخارجہ نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پرزوردیا کہ وہ بھارت پر دباﺅ ڈالے کہ وہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کیلئے رسائی دے ۔اس موقع پرڈاکٹر شیریں مزاری نے عالمی برادری پرزوردیا کہ وہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں خواتین کے حقوق کے تحفظ میں اپنا کردارادا کریں۔ڈاکٹر معید یوسف نے کہاکہ مودی حکومت انسانیت کے خلاف بھیانک جرائم کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا یہ دستاویزی ثبوت بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی تحریک آزادی میں خدمات کو خراج عقیدت ہے ۔