کشمیریوں کو کسی صورت مایوس نہیں ہونے دینگے، وزیر اعظم
لاہور 08مئی (کے ایم ایس )وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو کسی صورت مایوس نہیں ہونے دینگے، کشمیر پر ہمارا موقف وہی جو پاکستانی عوام ا ور کشمیریوں کا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار کونسل آف پاکستان نیوز پیپرایڈیٹرز (سی پی این ای )کے مرکزی عہدیداران سے ماڈل ٹاﺅن لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کے دوران کیا۔ انہوںنے کہا کہ کشمیر یوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دو جوہری ملک جنگ کے متحمل نہیں ہوسکتے ،بھارت کے ساتھ ہم اچھے پڑوسی کے طور پر رہنا چاہتے ہیں مگر کشمیرکا تنازعہ حل کئے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد سے پاکستان اور بھارت اچھے ہمسایوں کی طرح رہ سکیں گے، پاکستان کی معاشی خوشحالی اور مضبوطی کشمیریوں کو ہماری طرف راغب کرے گی، ہم مضبوط ہوں گے تو ہمیں کوئی ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جب تک ہم مضبوط نہیں ہوں گے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو سکتا۔اس موقع پروفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب،وفاقی سیکرٹری اطلاعات شہیرہ شاہداور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی موجود تھے۔