ہٹیاںبالا: ریلی کے مقررین کا بھارتی جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ

مظفرآباد:آزاد جموں و کشمیر کے ضلع ہٹیاں بالا میں ایک احتجاجی ریلی کے مقررین نے بھارتی جیلوں میں جھوٹے مقدمات میںغیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت بیگناہ کشمیریوں کی بلا جواز گرفتاری کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام ضلع کے علاقے لامنیاں میں نکالی جانے والی ریلی کی قیادت تنظیم کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، عثمان علی ہاشم، حشمت حسین چک، حافظ محمد فاروق، ساجد عباسی، نذیر احمد اور دیگر نے کی۔ ریلی میں نوجوانوں اور بچوں سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاءنے بھارتی جیلوں میں قید کشمیری رہنماوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔انہوں نے بینر بھی اٹھا رکھے تھے جن پر ”بھارتی غاصبو جموں و کشمیر چھوڑ دو، جموں و کشمیر کے عوام حق خودارادیت کا مطالبہ کرتے ہیںاور کشمیری عوام بھارت سے آزادی چاہتے ہیں“جیسے نعرے درج تھے۔
مقررین نے کہا کہ نریندر مود ی کی زیر قیادت بی جے پی کی سفاک بھارتی حکومت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کے لیے قید و بند کا سہارا لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، ڈاکٹر قاسم فکتو، ڈاکٹر عبدالحمید فیاض، فہمیدہ صوفی، ایاز اکبر اور ناہیدہ نسرین سمیت ہزاروں کشمیری برسہابرس سے جھوٹے مقدمات میں بند ہیں۔انہوں نے کہا کہ شبیر شاہ، ڈاکٹر فیاض حمید سمیت بہت سے قیدی جان لیوا امراض میں مبتلا ہیں اور انہیں علاج معالجے سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
مقررین نے نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی تسلط سے مقبوضہ علاقے کی مکمل آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ –



