بھارت

بھارت :جمعیت علمائے ہند کامساجد اور مدارس کے خلاف کارروائیاں روکنے کا مطالبہ

نئی دہلی:جمعیت علمائے ہند کی مجلسِ منتظمہ کے سالانہ اجلاس میں بھارت بھر میں مساجد، عیدگاہوں اورمسلمانوں کے دیگر مذہبی مقامات کے خلاف انہدامی کارروائیوں کو روکنے اور مدارس کو منظوری و جانچ پڑتال کے نام پر ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعیت علمائے ہند کی تمام صوبائی، ضلعی اور تحصیلی اکائیاں مرکزی جمعیت کی جانب سے مقرر کردہ ایک ہی تاریخ اور وقت پر متعلقہ حکام کو میمورنڈم پیش کریں گی۔
جمعیت علمائے ہند کی مجلسِ منتظمہ کا سالانہ اجلاس جمعہ کو ہریانہ کے ضلع نوح میں صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس میں بھارت بھر سے تقریباً دو ہزار ارکانِ منتظمہ، علماءاور سرکردہ شخصیات شریک ہو رہی ہیں۔
اجلاس میں مدارس کے تحفظ، مساجد اور دیگر اسلامی شعائر کے خلاف انہدامی کارروائیوں کی روک تھام اور یکساں سول کوڈ کے موضوعات پر تجاویز منظور کی گئیں۔ مدارس سے متعلق تجویز میں منظوری اور جانچ کے نام پر تعلیمی اداروں کو ہراساں کرنے، ان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے اور اقلیتی تعلیمی اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوششوں پر تشویش ظاہر کی گئی۔
اجلاس میں بھارتی حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ ایسی کارروائیاں فوری بند کی جائیں اور مدارس کو آئین کے تحت حاصل حقوق و تحفظ کی ضمانت دی جائے۔ تاہم مدارس کے ذمہ داران کو بھی ہدایت دی گئی کہ وہ اراضی کے کاغذات، منظور شدہ نقشے، ہاسٹل میں مقیم طلبہ کے شناختی کوائف اور مالیاتی کھاتوں کے آڈٹ سمیت تمام دستاویزات مکمل شفافیت کے ساتھ مرتب اور محفوظ رکھیں۔
اجلاس میں کہا گیا کہ عبادت گاہیں مسلمانوں کے مذہبی عقیدے اور اجتماعی شناخت کی علامت ہیں۔ اجلاس نے پلیسز آف ورشپ ایکٹ 1991 کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سپریم کورٹ کے 12 دسمبر 2024 کے عبوری حکم پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔ تجویز میں سنبھل کی تاریخی جامع مسجد کے معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ یک طرفہ سروے کے حکم کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال نے امن و امان کو متاثر کیا۔
اجلاس میں بھارتی حکومت اور اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کیاگیاکہ قانونی کارروائی اور متاثرہ فریق کو منصفانہ موقع دیے بغیر مساجد کے انہدام کو روکا جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں یکساں سول کوڈ کے قانون کو مسترد کرتے ہوئے اسے تفریق پر مبنی قرار دیا گیا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button