مقبوضہ کشمیر: قابض انتظامیہ نے کشمیری پنڈت ملازمین کو انکی ٹرانزٹ رہائشگاہوں تک محدودکردیا
سرینگر یکم جون(کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ نے کشمیری پنڈتوں کی طرف سے وادی سے نقل مکانی کی دھمکی کے بعد پنڈت ملازمین کو ان کے ٹرانزٹ رہائش گاہوں تک محدود کر دیاہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض حکام نے گزشتہ روز ضلع کولگام میں ایک خاتون ٹیچر کے قتل کے خلاف احتجاجاًوادی کشمیر سے نقل مکانی کی دھمکی دی تھی جس کے بعد قابض حکام نے کشمیری پنڈت ملازمین کو ضلع گاندربل کے علاقے تلمولہ، ضلع بڈگام کے علاقے شیخ پورہ، اسلام آباد میں ویسو اور بارہمولہ اور کپواڑہ کے اضلاع میں ان کی ٹرانزٹ رہائش گاہوں تک محدودکردیا ہے ۔وادی میں مختلف سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے کشمیری پنڈتوں ملازمین نے کولگام کے علاقے گوپال پورہ میں ایک خاتون سکول ٹیچر کے قتل کے بعد قابض انتظامیہ کی طر ف سے ان کے تحفظ میں ناکامی کے بعد وادی کشمیر سے احتجاجا ًنقل مکانی کی دھمکی دی تھی ۔کشمیری پنڈت ملازمین 12مئی کو ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں اپنے دفتر میں نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں ایک پنڈت ملازم راہول بٹ کے قتل کے بعد سے اپنے دفاتر نہیں جارہے ہیں ۔