مقبوضہ کشمیر:بھارتی پولیس نے درجنوں کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا
سرینگر08 جون (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپے مار کر درجنوں کشمیر ی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے پورے مقبوضہ جموں و کشمیر میں چھاپوں کے دوران متعدد نوجوانوں کو مقبوضہ علاقے میں جاری حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد سے وابستگی کی وجہ سے گرفتار کیا ہے ۔ قابض حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے جاری جدوجہد آزادی سے وابستگی پر متعدد کشمیریوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔پولیس نے جدوجہد آزادی سے وابستہ کشمیریوں کے گھروں اور کام کے مقامات پر چھاپے مارے اور ان کی سرگرمیوں کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔پولیس نے سرینگر، بارہمولہ، اسلام آباد، کولگام، جموں، رام بن، اودھمپور اور کٹھوعہ کے اضلاع میں کئی مقامات پر چھاپے مارے ہیں اور اس دوران درجنوں کشمیریوں کو گرفتار کر لیاگیا ہے ۔
واضح ر ہے کہ بی جے پی کی ہندوتوا بھارتی حکومت کے وزیر داخلہ امیت شاہ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور بھارتی فوج اور بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی را کے سربراہان نے 2 اور3جون کوہونے والے اجلاسوں کے دوران مقبوضہ کشمیر کے حکام کو مقبوضہ کشمیر خاص طورپر وادی کشمیر اور جموں کے مسلم اکثریتی علاقوں میں تحریک آزادی سے وابستہ لوگوں کے خلاف پکڑ دھکڑ کی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی تھی ۔