بھارت : ممبئی ہائیکورٹ نے 14برس سے قید مسلم شخص کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیدیا
![]()
بمبئی:بھارت میں 2011کے بمبئی بم دھماکے کے معاملے میں 14برس سے زائد عرصے سے جیل میں بند 65سالہ مسلم شخص کفیل احمد کو ہائیکورٹ نے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ممبئی ہائیکورٹ نے کہا کہ کسی بھی ملزم کو مقدمہ چلائے بغیر غیر معینہ مدت تک قید میں رکھنا غیر آئینی ہے اور یہ آئین ہند کے تحت فراہم کردہ زندگی اور آزادی کے بنیادی حق کی خلاف ورزی ہے ۔ جسٹس اے ایس گڈکری اور جسٹس آر آر بھونسالے پر مشتمل ڈویژن بنچ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ جب مقدمہ مکمل ہونے کے آثار بھی نہ ہوں تو کسی بھی ملزم کو غیر معینہ مدت تک حراست میںنہیں رکھا جاسکتا ۔ ایسی طویل قید ، آئین کے آرٹیکل 21کی خلاف ورزی ہے جو زندگی اور فوری سماعت کا حق فراہم کرتا ہے ، کفیل احمد جو ریاست بہار کے رہائشی ہیں ، کو فروری 2011میں دلی پولیس نے گرفتار کیاتھا اور بعد ازاں انہیں ممبئی انسداد دہشت گردی سکارڈ کے حوالے کیا گیا تھا۔ان پر مرکز ی ملزم کی مدد کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ کفیل احمد کے وکیل ایڈووکیٹ مبین سولکر نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل کو تقریبا 14برس سے حراست میں رکھا گیا ہے جبکہ ابھی تک مقدمہ کا آغاز بھی نہیں ہوا ہے ، یہ اسکی انسانیت کی خلاف ورزی ہے۔
کفیل احمد کے اہلخانہ نے عدالتی فیصلے پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گو کہ یہ راحت تاخیر سے ملی ہے ، مگر انصاف ہوا ہے ، ہمارے بھائی کو بغیر کسی ثبوت کے دہشت گرد قرار دیا گیا اور اسکی زندگی کے چودہ برس بیکار چلے گئے، ہم عدالت کے شکر گزار ہیں کہ بالآخر انصاف دیا گیا۔یاد رہے کہ 13جولائی 2011کو ممبئی کے زاویری بازار، اوپیرا ہاﺅس اور دادر کبوتر خانہ ہونے والے بم دھماکوں میں 21افراد اہلاک جبکہ سو سے زائد زخمی ہوئے تھے۔







