سنگاپور کے جریدے کی تہلکہ خیز رپورٹ ، مودی کے "شائننگ انڈیا” کے غبارے سے ہوا نکال دی

ممبئی،سنگاپور:
سنگاپور کے موقر جریدے "دی سٹریٹس ٹائمز”کی تہلکہ خیز رپورٹ نے بھارتی معیشت کے "شائننگ انڈیا” کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رپورٹ میں کہاگیاہے کہ مودی سرکار کی ناقص اقتصادی پالیسیوں اور بین الاقوامی محاذ پر ناقص حکمت عملی کے باعث بھارت اس وقت بدترین توانائی اور انسانی بحران کا شکار ہو چکا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایران اور خطے میں جاری کشیدگی کے باعث بھارت کو ایندھن کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ مارچ سے اب تک گیس کی قیمتوں میں 400فیصد اضافہ ہوا ہے، جس نے چھوٹی اور بڑی صنعتوں کو تالے لگانے پر مجبور کر دیا ہے۔ صرف صنعتی شہر ‘سورت’ سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد ٹیکسٹائل ورکرز بے روزگار ہو کر اپنے آبائی دیہات کو لوٹ چکے ہیں۔ یہ ہجرت بھارتی تاریخ کے بڑے معاشی بحرانوں میں سے ایک قرار دی جا رہی ہے۔ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کے بلند وبانگ دعوے دیگر وعدوں کی طرح جھوٹے ثابت ہوئے ہیں ،ایندھن کی قلت اور بجلی کی عدم فراہمی نے عام شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے، اور وہ بنیادی سہولیات کے لیے دہائیوں پیچھے چلے گئے ہیں۔رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ "یہود و ہنود” کے گٹھ جوڑ اور مودی کی متعصبانہ ترجیحات نے بھارت کو اپنے پڑوسیوں اور توانائی فراہم کرنے والے ممالک سے دور کر دیا ہے۔”دی سٹریٹس نے واضح الفاظ میں لکھا ہے کہ بھارت میں صنعتوں کا پہیہ جام ہونا مودی سرکار کی اسٹریٹجک ناکامی کا ثبوت ہے۔ لاکھوں محنت کشوں کا شہروں سے انخلا اس بات کی علامت ہے کہ اب عوام کا مودی کے معاشی ماڈل پر کوئی اعتماد باقی نہیں رہا۔ رپورٹ سے ثابت ہوگیا ہے کہ مودی سرکار کی ترجیحات عوامی فلاح کے بجائے محض پروپیگنڈے پر مبنی تھیں، جس کا خمیازہ آج کروڑوں بھارتی شہری بھگت رہے ہیں۔






