بھارت میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ
نئی دلی 20جون(کے ایم ایس )
بھارت میں مہلک کوروناوباکے کیسوں میں ایک بار پھر اضافہ ہورہا ہے اورگزشتہ ہفتے کے دوران تقریبا 80ہزارنئے کیسز ریکارڈ کئے گئے ہیں ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گزشتہ سات دنوں کے دوران فعال کیسز کی تعداد میں تقریبا 60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ تاہم محکمہ صحت کے حکام نے ملک میں کورونا وبا کی چوتھی لہر پھیلنے کےامکان کو مسترد کردیا ہے۔پیر کو بھارتی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 12ہزار781نئے کیسز رجسٹر ہوئے ہیں جس سے مجموعی تعداد 4کروڑ33لاکھ9ہزار473ہوگئی ہے۔ پیر کو مسلسل چوتھا دن تھا جب روزانہ نئے کیسز کی تعداد میں 12ہزارسے زائد ریکارڈاضافہ ہوا۔اس کے علاوہ بھارت میں وبائی مرض سے 18افراد ہلاک ہوئے ہیں ، جس سے اموات کی مجموعی تعدادبڑھ کر 5لاکھ 24ہزا873ہوگئی ہے۔دارالحکومت نئی دلی ایک بار پھر کورونا وبا سے سب سے متاثرہ شہر ہے جہاں سب سے زیادہ تعداد میں کورونا وبا کے مریض ریکارڈ کئے گئے ہیں ۔ دلی میں فعال کیسز کی تعداد 5ہزار542ریکارڈ کی گئی ۔