بی جے پی اگنی پتھ اسکیم کے ذریعے اپنی فوج بنانے کی کوشش کر رہی ہے: ممتا بنرجی
کولکتہ22جون(کے ایم ایس)بھارت میں ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہاہے کہ بی جے پی اگنی پتھ اسکیم کے ذریعے اپنی فوج بنانے کی کوشش کر رہی ہے
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ممتاز بنرجی نے کولکتہ میں اسمبلی کے مون سون اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگنی پتھ اسکیم کا اعلان وزارت دفاع کے ذریعے نہیں بلکہ مرکزی وزارت داخلہ کے ذریعے کیاگیاہے جو حیرت انگیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی فورس کا صرف استعمال کیا جا رہا ہے اور بی جے پی پورے ملک میں اپنے غنڈوں کی ایک فورس بنانے کے لیے لالی پاپ پیش کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ دراصل فوج کی تربیت کی آڑ میں اپنا خود کا کیڈر فورس بنانے کے لیے بی جے پی کی ایک سازش ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چار سال کی سروس کے بعد بہت سے لوگوں کی ملازمت چلی جائے گی۔انہوں نے بی جے پی ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ میں انہیں آپ کی رہائش گاہ پر بھیجوں گی اور آپ کو ان کی ملازمت کی ذمہ داری لینی ہوگی۔ اس بیان سے بی جے پی اراکین اسمبلی مشتعل ہوئے اور ایوان کے بیچ میں پہنچ گئے اور احتجاجی مظاہرہ اور نعرے بازی کرنے لگے۔بعد میں بی جے پی اراکین اسمبلی نے ایوان سے واک آوٹ کر دیا۔