مقبوضہ جموں وکشمیرکی صورتحال بدستور تشویشناک ہے: صدرعارف علوی
اسلام آباد 26 جون (کے ایم ایس)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں صورتحال بدستور سنگین ہے جہاں بھارتی فورسز کی طرف سے عوام کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر نے” تشدد کے متاثرین کی حمایت “کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ اگرچہ تشدد بین الاقوامی اور مقامی دونوں طرح کے قوانین کے تحت ممنوع ہے لیکن پھر بھی یہ پوری دنیا میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تشدد انسانیت کے خلاف جرم ہے اور میں بین الاقوامی برادری اور متعلقہ اداروں پر زور دیتا ہوں کہ وہ تشدد کو روکنے، متاثرین کی بحالی اور ان کے ازالے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں کو بنیادی انسانی حقوق حاصل ہیں اور انسانی وقار بنیادی حقوق میں سے ایک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا آئین انسان کے وقار کو ناقابل تسخیر بناتا ہے اور یہ کہتا ہے کہ کسی بھی شخص کو تشدد کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان نے تشدد کے رواج کو ختم کرنے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے ۔