کنٹرول لائن کے دونوں جانب کشمیری بدھ سے ”ہفتہ شہداء” منائیں گے
سرینگر04جولائی(کے ایم ایس) کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری بدھ سے 13جولائی 2022تک شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے” ہفتہ شہداء” منائیں گے جنہوں نے بھارت کے جبری تسلط سے جموں وکشمیر کی آزادی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہفتہ شہدا منانے کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں دی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ جموں و کشمیر، آزاد کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم حریت پسند کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ اس روزکشمیری عوام پرسفاک بھارت کے مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے احتجاجی ریلیاں اورجلوس نکالیں اور سیمینار زمنعقد کریں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے ہفتہ شہداء کے حوالے سے جاری کردہ کیلنڈر میں مختلف پروگراموں کی تفصیل دی ہے۔کیلنڈر کے مطابق 8جولائی کومعروف نوجوان رہنما برہان وانی اور ان کے ساتھیوں کے یوم شہادت کو یوم مزاحمت کے طور پر منایا جائے گا جبکہ13جولائی کو 1931کے شہدا ء کی یاد میں یوم شہدائے کشمیرمنایا جائے گا۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ 8 جولائی کو برہان وانی کے آبائی قصبے ترال اور 13جولائی کو سرینگر کے علاقے نقشبند صاحب میں مزار شہداء پر جمع ہوں جہاں 1931کے شہدا ء مدفون ہیں اور شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کریں۔