مقبوضہ جموں وکشمیر: فوجی قافلوں کے لئے یاتریوں کی نقل و حرکت شام 6بجے کے بعد بند
سرینگر04جولائی(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے بھارتی فوج کے قافلوں کی نقل و حرکت کے پیش نظر شام 6بجے کے بعد ہندو یاتریوں اور سیاحوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی ہے۔
کشمیر ٹریفک پولیس کی جانب سے ہندو یاتریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صرف بھارتی فوج کی گاڑیوں کو ہمہ وقت نقل و حرکت کی اجازت ہوگی۔مغل روڈ پر بھی صبح 7بجے سے شام 4بجے تک گاڑیوں کی آمدورفت جاری رہ سکتی ہے جو ٹریفک حکام کی ہدایات سے مشروط ہوگی۔اس دوران10سے زیادہ ٹائروں والے ٹرک جموں سرینگر ہائی وے سے گزریں سکیں گے اور جلدخراب ہونے والی اشیا ء سے لدی گاڑیوں کو دوپہر 2بجے سے پہلے جکھینی ناکہ/قاضی گنڈ پہنچنا ہوگا۔ ایڈوائزری میں کہا گیاہے کہ یہ ٹرک الگ سے کھڑے کیے جائیں گے اور ٹریفک کی روانگی پر ان کو ترجیح دی جائے گی۔حکام نے بتایا کہ اس سال امرناتھ یاترا کے آغاز سے اب تک پانچ یاتریوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ تقریبا 50ہزارہندو امرناتھ یاتری اب تک امرناتھ غار کی زیارت کر چکے ہیں۔