مودی حکومت سے ریاست تمل ناڈو کو خودمختار ی دینے کا مطالبہ
نئی دلی 05 جولائی (کے ایم ایس)
ایم کے اسٹالن کی سربراہی میں دراویڈا منیترا کزگم (ڈی ایم کے)کے ایک سینئر رہنما اے راجہ نے مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت پر زوردیا کہ وہ ریاست تامل ناڈو کو خود مختاری دے اور انہیںایک علیحدہ وطن کے حصول کیلئے تحریک چلانے پر مجبو ر نہ کرے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اے راجہ نے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کی موجودگی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں پیریار کے راستے پر مت ڈالو۔ ہمیں الگ وطن کیلئے جدوجہد کرنے پر مجبور مت کرو۔انہوں نے ریاست تامل ناڈو کو خود مختاری دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ہم اس مقصد کے حصول تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔پیریار نے عمر بھر آزادریاست تمل ناڈو کے لیے جدوجہد کی تھی۔ان کے اس بیان نے بھارت بھر میں تنازعہ کھڑا کر دیا ہے ۔ تمل ناڈو کے بی جے پی کے نائب صدر نارائنن تروپتی نے اے راجہ کے بیان کو تفرقہ انگیز قرار دیاہے۔انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے اے راجہ کے بیان پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ کی خاموشی کی مذمت کی کیونکہ انہوں نے آئین سے وفاداری کا حلف اٹھارکھا ہے۔
آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد نے ایک ٹویٹ میں اس طرح کے بیان کیلئے مودی کی سربراہی میں بی جے پی حکومت کی طرف سے وفاقی ڈھانچے پر مسلسل حملوںکو ذمہ دار ٹھہرایاہے۔انہوں نے کہاکہ اگر مودی حکومت تمل ناڈو کو خودمختاری دینے میں ناکام رہتی ہے تو ریاست کی صورتحال سنگین ہو سکتی ہے ۔