جموں: بھارت کی نوآبادیاتی پالیسیوں کے خلاف مظاہرہ
جموں19ستمبر ( کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ” یونا ئیٹڈپیس الائنس“نے کئی دیگر سماجی وسیاسی تنظیموں کے ساتھ ملکر مقبوضہ علاقے میں بھارت کی نوآبادیاتی پولیسیوں کے خلاف جموں میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے اس موقع پر اپنی تقریر میں کہ بھارت370 اور 35 اے کی دفعات کو منسوخ کرنے کے بعد علاقے میں ہر چیز تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے ۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ایسٹ انڈیا کمپنی نے برٹش انڈیا کے ساتھ جو کیا وہی کچھ بھارت اس وقت جموں و کشمیر کے ساتھ کر رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی دلی کی کشمیرمخالف پالیسیوں کیوجہ سے کشمیریوں کی نوکریاں ، زمین کے حقوق اور قدرتی وسائل تباہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سیاسی اور جمہوری حقوق چھیننے کے بعد اب ہمارے وسائل چھین رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت غیر کشمیریوں کو مقبوضہ علاقے میں بسا کر یہاں آبادی کے تناسب کو تبدیل کر رہی ہے ۔ میر شاہد سلیم نے کہا کہ جمو ں و کشمیر پر ایک مکمل ثقافتی اور سیاسی حملہ ہو رہا ہے۔انہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ نئی دہلی کی کشمیر دشمن پالیسیوں کے خلاف متحدہ کر جدوجہد کریں۔احتجاجی مظاہرے سے معروف دلت لیڈر آر کے کلسوترا ، اسرار قاضی ، اشتیاق بھٹی ، وریندر سنگھ ، ستیش گوتم ، نذیر حسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔