بھارت :جھارکھنڈ سڑک حادثے میں 11 سی آر پی ایف اہلکار زخمی
جھارکھنڈ25جولائی(کے ایم ایس)بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)کی ایک گاڑی کے گڑھے میں گرنے سے 11 اہلکار زخمی ہوگئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے بتایاکہ یہ واقعہ ضلع گرڈیہ کے لٹکاٹو جنگل کے قریب ڈمری روڈ پر اس وقت پیش آیا جب سی آر پی ایف کی گاڑی اپنا توازن کھو کر گڑھے میں جا گری۔مدھوبن پولیس اسٹیشن کے انچارج مرتیونجے سنگھ نے بتایا کہ بس مدھوبن سے چترا کی طرف جارہی تھی۔ زخمی اہلکاروں کو علاج کے لیے ڈمری ریفرل اسپتال بھیجا گیا ہے۔
ادھر بھارتی ریاست بہار کے ضلع سارن میں ایک غیر قانونی پٹاخہ بنانے والے یونٹ میں زوردار دھماکے سے چار سالہ بچے اور ایک خاتون سمیت کم از کم پانچ افراد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے ہیں۔سارن کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سنتوش کمار نے صحافیوں کو بتایا کہ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ خدائی باغ بازار کی تین منزلہ عمارت جس میں یہ کام ہورہا تھا، منہدم ہو گئی۔
دریں اثناء بھارت میں کورونا وائرس کے 20ہزار279نئے کیس سامنے آئے ہیں جس سے بھارت میں وائرس سے متاثر افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 4,38,88,755ہو گئی ہے جبکہ فعال کیسز بڑھ کر 1,52,200ہو گئے ہیں۔ بھارتی وزارت صحت نے بتایا کہ 36نئی اموات کے ساتھ وباسے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 5,26,033تک پہنچ گئی ہے۔