پوسٹروں میں بھارتی غلامی کی زنجیروں کو توڑنے کے لئے متحد ہونے پر زور
سرینگر 23 اگست (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں سرینگر کے مختلف علاقوں میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں لوگوں پر زوردیا گیا ہے کہ وہ بھارتی غلامی کی زنجیروں کو توڑنے کے لئے متحد ہوجائیں جس طرح افغانستان نے غیر ملکی قبضے کے خلاف کیا ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پوسٹرجموں و کشمیر صدائے مظلوم نے شہر کے مختلف علاقوں میں چسپاں کئے ہیں جن میں زوردیاگیا ہے کہ شاہ ہمدان اور شیخ نورالدین ولی اور شہداء کی سر زمین پر غیر ملکی قبضے کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔پوسٹروں پرشہید رہنماؤں محمد مقبول بٹ ، شیخ عبدالعزیز اور محمد اشرف صحرائی کی تصاویر بھی لگی ہیں۔ پوسٹروں میں کہاگیا ہے کہ کامیابی اللہ کے ہاتھ میں ہے اور ہمیں بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف جدوجہد میں متحد اور ثابت قدم رہنا ہوگا۔ ان میں کہاگیا ہے کہ بھارت کو جموں و کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔
دریں اثناء جموں و کشمیرپولیٹکل ریزسٹنس موومنٹ ،جموںوکشمیر جسٹس لیگ، کشمیر حریت فورم، جموںوکشمیر جسٹس اینڈ پیس انیشیٹو اور کشمیر ریزسٹنس موومنٹ نے بھی مختلف علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے ہیں۔ پوسٹروں میں کہاگیا ہے کہ اگر طالبان عظیم قربانیوں اور واضح موقف کے ساتھ افغانستان میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں تو ہم بھی بھارتی فورسز کو شکست دے سکتے ہیں کیونکہ ہم نے بھی اپنے مقدس مقصد کے لئے بے پنا قربانیاں دی ہیں۔