مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارت اپنے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب بگاڑ رہا ہے : قمر زمان کائرہ

اسلام آباد04اگست (کے ایم ایس)
امور کشمیر و گلگت بلتستان کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کا یک طرفہ اقدام اپنے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ڈیموگرافی کی تبدیلی کی سازش ہے اوریہ غیر قانونی تمام اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جینواکنونشن سمیت تمام بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قمر زمان کائرہ نے کل 5اگست کو منائے جانیوالے یوم استحصال کشمیرکے موقع پر ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ تین سال قبل 05اگست 2019کو بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کر دی تھی ۔انہوں نے کہاکہ ان غیر قانونی اقدامات کا مقصد بھارت کی اس مذموم حکمت عملی کا نفاذ تھا جس کے تحت بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر کی آبادی کے تناسب کوتبدیل کرنا چاہتاہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے بھارت نے لاکھوں غیر ریاستی باشندوں کو مقبوضہ علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ تمام اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جینواکنونشن سمیت تمام بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔قمر زمان قائرہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے غیر قانونی اقدامات پر بضد اور بے خوف ہے۔کشمیریوں کو بے اختیار کرنے اور حق رائے دہی سے محروم کرنے کیلئے بھارت کی جانب سے قائم کیا گیا حلقہ بندی کمیشن مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی من مانی اورہٹ دھرمی کی واضح مثال ہے۔05 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال مسلسل ابتر اور ناقابل برداشت ہے اورتب سے 650سے زائدکشمیریوںکو شہید کیاجاچکا ہے جن میں سے صرف اس سال 130افراد کو بھارتی افواج نے ماورائے عدالت شہید کیا۔ بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کوجعلی اور نام نہاد مقابلوں اورتلاشی کی کارروائیوں میں شہید کرنا ایک معمول بن چکا ہے۔بھارتی افواج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاریاں مسلسل جاری ہیں اور تقریباسار ی کشمیری سیاسی قیادت بھی بھارتی قید میں ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری بھارتی سفاکیت بی جے پی او رآرایس ایس کے امن او رمسلمان دشمن ہندتوا ایجنڈے کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے اپنے جنگی جنون اور سفاک ہتھکنڈوں سے پورے خطے کو عدم استحکام کا شکارکررکھا ہے۔ خطے میں دیرپا امن و سلامتی اور ترقی کا انحصار صرف اور صرف مسئلہ جموں وکشمیر کے پر امن حل پر ہے۔مشیر امور کشمیر نے کہاکہ پاکستان اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ وہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی حمایت میں ہمیشہ ثابت قدم رہے گا۔انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے سفاک جرائم پر اسے جواب دے ٹھہرائے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پر امن حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔ دنیا بھارت سے یہ مطالبہ کرے کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں فوری طورپر بند ،05اگست 2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو منسوخ اور کشمیری عوام کو انکی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button