بھارت تنازعہ کشمیر کے حوالے سے ہمیشہ سے کنفیوژن پھیلاتا ہے: ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد:
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ بھارت تنازعہ کشمیر کے حوالے سے ہمیشہ سے کنفیوژن پھیلاتا ہے،کہتا ہے مقبوضہ کشمیر کو حق خود اردایت مل گیا ہے،مگریواین کی قرارداد 128میں بھارت کے دعوے کی نفی کی گئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے اسلام آباد میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق ایک سیمینار سے خطاب میں کہا کہ دفتر خارجہ نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی فورم پر اجاگر کیا ہے، ہم نے ہمیشہ کشمیر کے حق خود ارادیت پر زور دیا،مسئلہ کشمیر کا انسانی حقوق سے براہ راست تعلق ہے۔انہوں نے کہاکہ1948میں اقوام نے انسانی حقوق کا یونیورسل ڈیکلیریشن منظور کیاتھا، اس اعلامیہ میں بھی حق خود ارادیت کا ذکرموجود ہے ۔ تنازعہ کشمیر کی عالمی طور پر ایک قانونی حیثیت ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کشمیر کے حوالے سے ہمیشہ سے کنفیوژن پھیلاتا ہے،بھارت کہتا ہے مقبوضہ کشمیر کو حق خود اردایت مل گیا ہے۔تاہم اقوام متحدہ کی قرارداد128میں بھارت کے دعوے کی نفی کی گئی ہے، حق خود ارادیت ایک بنیادی نقطہ ہے جسے فراموش نہیں کرنا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی،سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ کے بعد تنازعہ کشمیراقوام متحدہ میں زیر بحث آیا ہے اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔






