بھارت

بالی ووڈ کی پروپیگنڈہ فلم ”ہم دو ہمارے بارہ”کے ذریعے مسلمانوں کی کردار کشی کی مذموم کوشش

ممبئی08اگست(کے ایم ایس )
بھارت میں بالی ووڈ کی ایک اور پروپیگنڈ ہ فلم ”ہم دو ہمارے بارہ”کے ذریعے مسلمانوںکی کردار کشی کرنے کی مذموم کوشش کی گئی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت میں ہندو انتہا پسند یہ پروپیگنڈا کرتے ہیں کہ مسلمان خاندانی منصوبہ بندی کے خلاف ہیں اور انہی بے بنیاد حقائق کو بنیاد بنا کر پروپیگنڈہ فلم”ہم دو ہمارے بارہ” بنائی گئی ہے جس کے ذریعے مسلمانوں کی کردار کشی کی جائے گی ۔ فلم کے پوسٹر کی ریلیز کے بعد کے بعد بھارت میں اسلامو فوبیا کے حوالے سے سوال اٹھائے جانے لگے ہیں۔سائوتھ ایشین وائر کے مطابق بھارت میں مسلمان مجموعی آبادی کا 11فیصد ہیں لیکن اس کے باوجود بھارت میں ہندو انتہا پسند یہ پروپیگنڈا کرتے ہیں مسلمان خاندانی منصوبہ بندی نہیں کرتے اورایک وقت آئے گا جب بھارت میں ہندو اقلیت میں چلے جائیں گے۔بالی ووڈ کی نئی فلم ”ہم دو ہمارے بارہ” کا چند روز قبل ہی پوسٹر ریلیز کیا گیا، پوسٹر میں ہندی زبان میں لکھا گیا ہے کہ جلد ہی چین کو پیچھے چھوڑدوں گا۔ فلم کے پوسٹر کو دیکھ کر واضح ہوتا ہے کہ فلم کے خلاف اس بے بنیاد اور جھوٹے پروپیگنڈے کوفروغ دینا ہے کہ بھارت میں مسلمانوںکی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔ بھارت میں اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھانے والی ممتاز صحافی رانا ایوب نے ایک ٹوئٹ میں فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سنسر بورڈ ایسی فلم کی اجازت کیسے دیتا ہے جس میں مسلمانوں کو ملک کی بڑھتی آبادی کی وجہ کے طور پر دکھایا گیا ہو اور مسلمان خاندان کی تصویر استعمال کرکے ڈھٹائی سے نفرت پھیلائی جارہی ہو۔دوسری جانب فلم کے ہدایت کار کمل چندرا نے کمال ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے خیال میں سینما اپنے خیالات اور جذبات کے اظہار کا بہترین ذریعہ ہے، ہم دو ہمارے بارہ کا پوسٹر بالکل بھی قابل اعتراض نہیں ۔ اسے درست طورپر دیکھنے کی ضرورت ہے۔کمل چندرا نے مزید کہا کہ آج لوگ سوچ رہے ہیں کہ ہماری فلم کے ذریعے مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ہم کسی خاص کمیونٹی کے جذبات کو ٹھیس پہنچائے بغیر یہ فلم بنا رہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ لوگوں کو یہ فلم اچھی لگے گی کیونکہ بڑھتی آبادی ہمارے دور کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔گزشتہ کئی برسوں سے بھارت میں مسلم دشمنی عروج پرہے اور اس حوالے سے بھارت کی ہندی فلم نگری میں بھی مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جذبات پر مبنی فلمیں بنائی جارہی ہیں۔رواں برس کشمیر فائلز کے نام سے ایک متنازعہ فلم ریلیز کی گئی تھی جس میں تاریخی حقائق کو مسخ کرکے یہ دکھانے کی کوشش کی گئی کہ مقبوضہ کشمیر سے ہندو پنڈتوں کو جبری طور پر نکالا گیا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button