بھارت :منی پور میں احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر موبائل انٹرنیٹ سروسز5دن کے لیے معطل
امپھال07گست (کے ایم ایس)بھات کی شورش زدہ ریاست منی پور میںاحتجاجی مظاہروں کے پیش نظر موبائل انٹرنیٹ سروسز پانچ دن کے لیے معطل کر دی گئی ہیں۔
بھارتی وزارت داخلہ کے سپیشل سیکرٹری ایچ گیان پرکاش کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیاہے کہ کچھ سماج دشمن عناصر نفرت انگیز تقاریر کوپھیلانے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کر رہے ہیں جس سے عوام کے جذبات بھڑک رہے ہیں۔ سرکاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کچھ لوگوں کی طرف سے ایک گاڑی کو نذر آتش کئے جانے کے بعد لیا گیا ہے جس کی وجہ سے ہفتہ کی شام کو فوگاکچائو اکھانگ میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوئی۔ بشنو پور کے ضلع مجسٹریٹ نے بھی ہفتہ کی شام سے پورے ضلعے میں دو ماہ کے لیے امتناعی احکامات نافذ کر دیے ہیں۔ آل ٹرائبل اسٹوڈنٹس یونین منی پور(اے ٹی ایس یو ایم)کی جانب سے جمعہ کی صبح پہاڑی اضلاع سے گزرنے والی شاہراہوںپر غیر معینہ مدت کے لیے اقتصادی ناکہ بندی لگانے کے بعد ریاست میں کشیدگی پیداہو گئی ہے جس سے علاقے کو اشیائے ضروریہ کی سپلائی منقطع ہو گئی ہے۔ طلبا ء تنظیم منی پورکے پہاڑی علاقوں کے لئے (خود مختار ضلع کونسل (ترمیمی بل 2021کو اسمبلی میں پیش کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ غیر معینہ مدت کی ناکہ بندی کی وجہ سے علاقے میں قائم تنظیم میٹی لیپون نے امپھال میں طلباء تنظیم کے دفتر کو تالا لگا دیا۔ اے ٹی ایس یو ایم ریاست کے دیگر علاقوںکی طرح ترقی کو یقینی بنانے کی غرض سے پہاڑی علاقے کی زیادہ مالی اور انتظامی خود مختاری کے لیے اسمبلی کے مون سون اجلاس میںخود مختار ضلع کونسل ترمیمی بل 2021 پیش کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔