منی پور: دھماکے میں ایک ہلاک، دو زخمی
امپھال:شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں ایک دھماکے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دھماکہ مغربی امپھال کے علاقے تھنگمیبند میں آل منی پور اسٹوڈنٹس یونین (اے ایم ایس یو) کے دفتر کے قریب ہوا۔
مرنے والے شخص کی شناخت 24 سالہ اوینم کینیگی کے نام سے ہوئی ہے۔ دو زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دونوں زخمیوں کو شہر کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
دریں اثنا، نامعلوم افراد نے امپھال کے مغربی ضلع لامفیلپٹ میں سول سوسائٹی تنظیم یونائیٹڈ کمیٹی منی پور (یو سی ایم) کے دفتر کو آگ لگا دی۔
ایک اور واقعہ میں نامعلوم افراد نے آج صبح امپھال مشرقی ضلع میں ایک اسکول میں توڑپھوڑ کی اور اسے آگ لگا دی۔ واقعے میں ایک گاڑی بھی جل گئی۔ یاد رہے کہ منی پور گزشتہ برس تین مئی سے تشدد کی لپیٹ میں ہے۔ میتی (ہندو) اور کوکی(عیسائی) قبیلوں کے درمیان جاری لڑائی میں اب تک دو سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔