مقبوضہ جموں وکشمیر :پولیس نے تین وکلاءکے گھروں پر چھاپے مارے
سرینگر24 اگست (یواین آئی) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر میاں عبدالقیوم سمیت تین وکلاءکے گھروں پر چھاپے مارے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس (اے ڈی جی پی) کشمیر زون وجے کمار نے کہا کہ پولیس نے ایڈووکیٹ بابر قادری کے قتل کی مزیدتحقیقات کے سلسلے میں ایڈووکیٹ میاں قیوم، ایڈووکیٹ منظور ڈار اور ایڈووکیٹ مظفر محمد کی رہائش گاہوں کی تلاشی لی۔
ایڈوکیٹ بابر قادری کو ستمبر 2020 میں سری نگر کے علاقے حول میں نامعلوم مسلح افراد نے ان کی رہائش گاہ کے اندر قتل کر دیا تھا۔
قادری نے جو بھارتی ریاستی دہشت گردی اور بی جے پی کی کشمیر مخالف پالیسیوں کے سخت ناقد تھے قتل سے تین دن قبل اپنی جان کو درپیش خطرے کا اندیشہ ظاہر کیا تھا ۔بھارتی فوجیوں نے گزشتہ برس ثاقب منظور نامی ایک نوجوان کو شہید کرنے کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ وہ قادری کے قتل میں ملوث تھا۔