بھارت
مہاراشٹر : سڑک حادثے میں 11افراد ہلاک
نئی دلی:
بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع تھانے میں آج ایک سڑک حادثے میں کم سے کم 11افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یہ حادثہ ایک پل پر مخالف سمت سے آنے والے سیمنٹ مکسر اور ویگن کے درمیان تصادم سے پیش آیا ۔ پولیس نے میڈیا کو بتایاہے کہ حادثہ ضلع میں مرباد کے ایک پل پر اس وقت پیش آیا جب کلیان سے مرباد جانے والی ایک ویگن مخالف سمت سے آنے والے سیمنٹ مکسر سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے وقت ویگن میں متعدد مسافر سوار تھے۔ مرباد کے تحصیلدار ابھیجیت دیشمکھ نے میڈیا کو بتایا کہ ہلاک شدگان میں 8 مرد اور 3خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیاگیاہے ۔ایک سینئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ متاثرین میں سے 6 کی شناخت کر لی گئی ہے، جبکہ باقی ماندہ افراد کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔



