راولاکوٹ : شہدائے دوتھان کو شاندار خراج عقیدت
راولاکوٹ 30اگست (کے ایم ایس )
مقررین نے راولاکوٹ آزاد جموں و کشمیر میں شہدا دوتھان کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
مقررین نے راولاکوٹ میں یوم شہدا دوتھان کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم کشمیری عوام کی منصفانہ اور جائز جدوجہد آزادی کو اجاگر کرکے ان کی آواز کو دنیا تک پہنچانا ہماری سیاسی ، مذہبی اوراخلاقی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے ہیروز اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مزاحمتی قیادت اور مقبوضہ کشمیر کے سیاسی طور پر باشعور عوام بھارت کو اس کے مذموم عزائم کی تکمیل کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔مقررین نے شہدائے دوتھن سردار عطا محمد خان، سردار سخی محمد خان، سردار مصعب خان، سردار روشن خان اور سردار ظفر اللہ خان کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو ہر گزرائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا۔انہوں نے شہدائے دوتھن کی قربانیوں کو تحریک آزادی کشمیر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہداء کی بے مثال بہادری اور مزاحمت نے ڈوگرہ افواج کو خاک چاٹنے پر مجبور کیا اور بعد ازاں پانچ ہزار مربع میل کے علاقے کو آزاد کرالیا۔ جوکہ آج آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نام سے جانا جاتا ہے ۔مقررین نے کہا کہ بھارت نے دفعہ 370اور 35-Aکو منسوخ کر کے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی ہے اور کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کیا ہے لیکن بھارت اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کرے اور کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت دلائے ۔مقررین میں آزاد جموں و کشمیر کے رہنما سردار یعقوب خان، شاہ غلام قادر، چوہدری لطیف اکبر، ڈاکٹر خالد محمود، سردار عابد، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء شیخ عبدالمتین، شیخ محمد یعقوب، زاہد اشرف، سول سوسائٹی کے اراکین اور علمائیے کرام شامل تھے۔