بھارت اور پاکستان پرتنازعہ کشمیر کے پر امن حل پر زور
جموں30 ستمبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور سوشل پیس فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و سلامتی کے قیام کیلئے دیرینہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کریں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے جموں سے جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام اور حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے حامی ہیں تاہم اس دیرینہ تنازعے کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان شروع سے ہی مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے جموں و کشمیر پر اپنے ناجائز قبضے کو طول دینے کیلئے مقبوضہ علاقے کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے اور کشمیری عوام کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے جموں وکشمیر میں نو لاکھ سے زائد فوجیوں کو تعینات کررکھاہے۔حریت رہنماء نے کہا کہ بھارت تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈوں اور طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے میں ناکام رہا ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ حقیقت یاد رکھنی چاہیے کہ قابض اور جارح حکومتوں کو بالآخر ایک دن اپنا قبضہ چھوڑنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک اپنی حق پر مبنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں ۔دیویندر سنگھ بہل نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و سلامتی قائم نہیں ہوسکتی۔ لہذا یہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔
ادھرتحریک استقلال جموں وکشمیر کے چیئرمین غلام نبی وسیم اورجنرل سیکریٹری عبد الحمید کی قیادت میں ایک وفد حریت رہنما الطاف احمد خان سے ان کے والد کی وفات پر اظہار تعزیت کیلئے صنعت نگر سرینگر میں انکے گھر گیا۔ وفد نے سوگوارخاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی بلندی درجات کیلئے دعا کی ۔