نیشنل کانفرنس مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے ، فاروق عبداللہ
سرینگر03اکتوبر(کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ وہ 05اگست 2019کے مودی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کی منسوخی کیلئے ایک منصفانہ، جمہوری، قانونی اور سیاسی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج وادی چناب کا چار روزہ دورے کے آغاز میں وادی وروان پہنچے پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، چیف ترجمان تنویر صادق، ایم پی اسلام آباد حسنین مسعودی اور سینئر لیڈر سجاد احمد کچلو بھی موجود تھے۔ پارٹی لیڈر سید توقیر نے پارٹی کارکنوں کے ساتھ کوکر ناگ میں ان کا استقبال کیا۔ پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی اور 05اگست 2019کے مودی کے غیر قانونی اقدامات کی منسوخی کیلئے متعدد سطحوں پر منصفانہ، جمہوری، قانونی اور سیاسی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔