بھارت عام کشمیریوں کی نگرانی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کررہا ہے
سرینگر19اکتوبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میںقابض حکام تحریک آزادی کو دبانے میں ناکامی کے بعد عام کشمیریوں پر نظررکھنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کررہے ہیں ۔
قابض حکام نے حریت پسند کشمیری عوام کی نگرانی کے لئے اپنے ایجنٹوں اور فورسز اہلکاروں کو ایسے ائر پاڈز دیے ہیں جن میں بہت تیز سینسر اورکیمرے نصب ہیں اوروہ ان کے ذریعے بہت دور سے کسی بھی شخص کی نقل وحرکت پر نظررکھ سکتے ہیں اوراس کی آواز سن سکتے ہیں۔ قابض حکام علاقے میں دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی موجودگی کے باوجود کشمیریوں سے خوفزدہ ہیں اسی لئے ایک عام کشمیری کی اتنی سخت نگرانی کی جارہی ہے ۔ بھارت کو لگتا ہے کہ وہ ان اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو زیر کرسکتا ہے لیکن اسے یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کشمیریوں نے بھارت کے ہرحربے کو اپنے جذبہ ایمانی اور جذبہ حریت سے ناکام بنادیا ہے اور آئندہ بھی ناکام بنادیں گے۔تحریک آزادی کشمیر پر نظررکھنے والے سیاسی تجزیہ کاروں اورماہرین نے کہاہے کہ کشمیریوں کو بھارت کے ان مذموم ہتھکنڈوں سے ہوشیار اور چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا دیگر ہتھکنڈوں کی طرح بھارت کا یہ ہتھکنڈہ بھی ناکامی سے دوچار ہوگا۔