انجمن اوقاف جامع مسجد کی طرف سے میر واعظ کی مسلسل نظر بندی کی مذمت
سرینگر 21 اکتوبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے تنظیم کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل گھر میں نظربندی کی شدید مذمت کی ہے۔
میر واعظ عمر فاروق گزشتہ تین برس سے مسلسل گھر میں نظر بند ہیں۔ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے 05 اگست 2019 کومقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے بعد انہیں گھر میں نظربند کر دیا تھا ۔انجمن اوقاف نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ میر واعظ کو گھر میں نظر بند کر کے قابض حکام نے انہیں ان کی مذہبی، سماجی اور سیاسی ذمہ داریاں اداکرنے سے روک دیا ہے۔ بیان میں واضح کیاگیاہے کہ میر واعظ کوگزشتہ 160ہفتوں سے تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی ہے ۔ انجمن نے کہا کہ ربیع الاول کا بابرکت مہینہ ختم ہو رہا ہے جبکہ میرواعظ مسلسل گھر میں نظر بند ہیں جس کی وجہ سے وہ صدیوں سے جاری میر واعظ انسٹیٹیوٹ کے فرائض ادا کرنے سے قاصر ہیں ۔بیان میں میر واعظ کی نظربند کو انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت قراردیاگیاہے۔انجمن نے اپنے سربراہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تاکہ وہ کشمیری عوام اور معاشرے سے متعلق اپنی ذمہ داریاں پوری کر سکیں۔