امرناتھ یاترا شروع ہونے سے پہلے ہی پہلگام فوجی چھائونی میں تبدیل
سرینگر11جون (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے ہندوئوں کی سالانہ امرناتھ یاترا شروع ہونے سے پہلے ہی جنوبی کشمیرمیں ضلع اسلام آباد کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میںسکیورٹی کے سخت انتظامات کرکے اس کوایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے،جس سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامناہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق علاقے میں بھارتی پیراملٹری فورسزکو بھارتی تعداد میں تعینات کیاگیا ہے جو ہروقت سڑکوں پر گشت کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اسلام آباد پہلگام سڑک پرکئی مقامات پرنئی چوکیاں قائم کی گئی ہیں جہاں فوجی اہلکار گاڑیوں کی تلاشی لے رہے ہیں اور مسافروں کے شناختی کارڈچیک کررہے ہیں۔پیراملٹری فورسز کے اہلکار اور پولیس کمانڈو پہلگام کے جنگلاتی علاقے میں مسلسل تلاشی کی کارروائیاں کررہے ہیں۔ بھارتی حکومت نے پہلے ہی پولیس ، فوج اورپیراملٹری فورسز کی 50اضافی کمپنیاں مخصوص مقامات پر تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ہندو یاتریوں کی حفاظت کے لئے سینکڑوں بلٹ پروف ایس یو وی پولیس گاڑیاں اور بلٹ پروف بنکربروئے کارلائے جارہے ہیں اوریہ اب تک کے سخت ترین حفاظتی اقدامات ہیں۔اطلاعات کے مطابق یاترا کے دوران بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس جدید ٹیکنالوجی کے آلات سے لیس ہوگی جو ہندوئوں کی سالانہ یاترا کے دوران پہلی بار استعمال کئے جارہے ہیں۔ہندو یاترا 30 جون سے 48کلو میٹر طویل نن ون پہلگام اور 14کلومیٹر طویل بال تل گاندربل کے جڑواں راستوں سے شروع ہونے والی ہے۔ یاترا 11اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔