کپواڑہ میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں دو بچے جاں بحق
سرینگر20نومبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع کپواڑہ کے علاقے دیور لولاب میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں دو بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔
ہفتے کی رات کو ایک رہائشی مکان میں آگ لگنے سے دو کمسن بھائی زندہ جل گئے۔ حکام نے بتایا کہ کاکڑ پٹی دیور میں محمد اکبر خان کے رہائشی مکان میں تقریبا ً رات سوا گیارہ بجے آگ لگ گئی۔آگ کے شعلوں نے جلد ہی لکڑی سے بنے پورے ڈھانچے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مقامی لوگوں اور آگ بجھانے والے محکمے کے عملے نے آگ پر قابو پانے کے لیے انتھک کوششیں کیں لیکن مکان کے اندر پھنسے دو کمسن بھائیوں کو بروقت نہیں نکالا جا سکا اور وہ زندہ جل گئے۔ایک سرکاری عہدیدار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے دوبھائیوں کی شناخت6سالہ عامر احمد خان اور3سالہ سبزار احمد خان کے طور پر کی ہے جو گھر کے مالک محمد اکبر خان کے بیٹے تھے۔