مقبوضہ جموں و کشمیر
مقبوضہ جموں وکشمیر: کسانوں کے قابض بھارتی انتظامیہ کے خلاف مظاہرے
سرینگر22 اکتوبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں” جموں و کشمیر کسان تحریک “(جے کے کے ٹی) نے پھلوں کے کاشتکاروں کی بہتری کے لیے ضروری اقدامات نہ کرنے پر قابض بھارتی انتظامیہ کے خلاف سری نگر میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔
جے کے کے ٹی کے بینر تلے متعدد افراد سری نگر کے پریس انکلیو میں جمع ہوئے۔ انہوں نے اپنے مطالبات کے حق میں اور کسانوں کی بہتری کے لیے اقدامات نہ کرنے پر حکام کے خلاف نعرے لگائے۔
تنظیم کے رہنما محمد ایوب چوپان نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں پھلوں کی صنعت کو مشکل وقت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکام نے کسانوں کی ترقی یا ان کے کاروبار کو آسان بنانے کے لیے ضروری اقدامات نہیں کیے ہیں جس کی وجہ سے انہیں گونا گوں مسائل ومشکلات کا سامنا ہے۔
جے کے کے ٹی نے کولگام اور شوپیاں میں بھی اسی طرح کے مظاہرے کئے۔