مقبوضہ جموں و کشمیر

کشمیری عوام اپنے شہدا ء کے مشن کو پایہء تکمیل تک پہنچائیں گے: حریت کانفرنس

 

کشمیری عوام اپنے شہدا ء کے مشن کو پایہء تکمیل تک پہنچائیں گے: حریت کانفرنس

سرینگر06نومبر(کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے شہدائے جموں کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے شہداء کے مشن کو ہر قیمت پرپایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز، بھارتی فوج اور ہندو جنونیوں نے نومبر1947کے پہلے ہفتے میں جموں کے مختلف علاقوں میں لاکھوں کشمیریوں کو اس وقت شہید کردیا تھاجب وہ پاکستان کی طرف ہجرت کر رہے تھے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری 75سال قبل شہدائے جموں کی دی گئی بے مثال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما خواجہ فردوس نے گاندربل میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1947میں ڈوگرہ فوج اور ہندو جنونیوں نے مسلمانوں کو پاکستان ہجرت کرنے پر مجبور کیا اور لاکھوں مسلمانوں کو دھوکہ دے کر دراصل جموں کی مسلم اکثریت کواقلیت میں تبدیل کردیا۔حریت رہنما یاسمین راجہ نے سرینگر میںایک بیان میں 1947میں جموں میں مسلمانوں کے قتل عام کو بدترین سانحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندو جنونی اور آر ایس ایس اور شیو سینا جیسی فرقہ پرست تنظیموں نے جموں کی سرزمین کو بے گناہ مسلمانوں کے خون سے نہلا دیا تھا۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز اور ہندو انتہا پسند تنظیمیں اب بھی حق اور انصاف کی آواز کو دبا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سب کے لیے تجدید عہد کا دن ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان شہدا ء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء میر شاہد سلیم نے جموں سے جاری ایک بیان میں شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ 1947میں نومبر کے پہلے ہفتے کے دوران جس بہیمانہ طریقے سے فرقہ پرست عناصر نے لاکھوں کشمیریوںکا قتل عام کیا اس کی مثال مہذب انسانی تاریخ میں نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ جموں قتل کے 75 برس بعد بھی متاثرین کو آج تک انصاف نہیں مل سکا ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ 27اکتوبر 1947 کو جموں و کشمیر پر ناجائز قبضے کے فورا ًبعد جموں میں لاکھوں نہتے مسلمانوں کا قتل عام بھارتی ریاستی دہشت گردی کی پہلی بدترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں میں لاکھوں مسلمانوں کے قتل کی وجہ سے وہاں کے مسلمانوں کی اکثریت اقلیت میں تبدیل ہو گئی اور اب نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ وادی میں وہی کھیل کھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو قتل کرنے کا گھنائونا عمل عروج پر ہے اور بھارتی فورسز آئے روز کشمیریوں کو شہید کر رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیری اپنے لاکھوں شہداء کے عظیم مشن کو پایہء تکمیل تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button