مقبوضہ جموں و کشمیر
مقبوضہ کشمیر:شیخ سید عبدالقادر جیلانی ؒکے سالانہ عرس کی اختتامی تقریبات احترام سے منائی گئیں
سرینگر12 نومبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں غوث العظم حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانی ؒکے سالانہ عرس پاک کی اختتامی تقریبات انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مساجد ، خانقاہوں اور درگاہوں میں روح پرور مجالس کا اہتمام کیا گیا جن میں ہزاروں کی تعداد میں زائرین نے شرکت کی۔اس دوران علمائے کرام اور آئمہ مساجد نے پیران پیر کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی جبکہ نعت خوانوں نے نعتیہ کلام پڑھے۔ سب سے بڑی تقریبات سرینگر کے علاقوں سرائے بالا اور خانیار میں منعقد ہوئیںجہاں وادی کشمیر کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے فرزندان توحید نے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔ سرائے بالا او ر خانیار میں نماز جمعہ کے بعد زائرین غوث العظم ؒ کے موئے پاک کے دیدار سے بھی فیضیاب ہوئے۔