راولپنڈی :کشمیری آزادی پسند کارکن جاوید اقبال نائیک انتقال کر گئے

راولپنڈی: کشمیری آزادی پسند کارکن جاوید اقبال نائیک المعروف زیشان بھائی راولپنڈی میں کینسر کے باعث انتقال کر گئے۔ مرحوم کا تعلق بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں خطے کے ضلع ڈوڈہ منجمی سے تھا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جاوید اقبال نائیک بھارتی فوج کے مظالم سے تنگ آ کر سنہ 2001 میں ہجرت کر کے آزاد جموںو کشمیر آ گئے تھے، جہاں انہوں نے شادی کی اور وہیں مستقل قیام پذیر رہے۔ مرحوم محنت مزدوری کر کے اپنے اہلِ خانہ کی کفالت کرتے تھے۔ سوگواران میں ان کی بیوہ اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
مرحوم کے تمام بہن بھائی اور دیگر قریبی رشتہ دار مقبوضہ کشمیر میں ہیں۔ ہجرت کے بعد وہ کبھی اپنے عزیزوں سے دوبارہ ملاقات نہ کر سکے۔ یوں دیگر سینکڑوں کشمیریوں کی طرح اپنے پیاروں سے ملنے کا خواب آنکھوں میں سجائے ہی اس دارِ فانی سے رخصت ہو گئے۔
انہیں گزشتہ برس بلڈ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد وہ راولپنڈی کے ایک ہسپتال میں زیرِ علاج رہے۔ چند دو روز سے ان کی طبیعت شدید خراب تھی اور وہ گزشتہ شب خالقِ حقیقی سے جا ملے۔






